Friday, April 15, 2011

قرآن پاک کی تلاوت کے فضائل


قرآن پاک کے وہ فوائد جو احادیث سے ثابت ہیں

 حدیث شریف میں ہے کہ جس گھر میں روزانہ سورہ بقرہ پڑھی جائے وہ گھر شیطان سے محفوظ رہتا ہے۔ لہٰذا جنات کی بیماریوں سے بھی محفوظ رہے گا۔

 قیامت کے دن سورہ بقرہ اور سورہ آل عمران ان لوگوں پر سایہ کریں گی اور ان کی شفاعت کریں گی۔ جو دنیا میں قرآن پاک کی تلاوت کے عادی تھے۔

 جو شخص آیۃ الکرسی صبح و شام اور سوتے وقت پڑھ لیا کرے تو اس کا گھر انشاءاللہ آگ کے لگنے اور چوری ہونے سے محفوب رہے گا۔

 سورہ اخلاص کا ثواب تہائی قرآن کے برابر ہے۔ اسی لئے ختم و فاتحہ میں اس کو تین بار پرھتے ہیں۔

 حضور علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں کہ جو شخص قرآن پاک کا ایک حرف پڑھے اس کو دس نیکیوں کے برابر نیکی ملتی ہے۔ خیال رہے کہ الم ایک حرف نہیں بلکہ الف، لام، میم تین حروف ہیں۔ لہٰذا فقط اتنا پڑھنے سے تیس نیکیاں ملیں گے۔ خیا ل رہے کہ الم متشابہات میں سے ہے جس کے معنی ہم تو کیا جبریل بھی نہیں جانتے۔ مگر اس کے پڑھنے پر ثواب ہے۔ معلوم ہوا کہ تلاوت قرآن کا ثواب اس کے سمجھنے پر موقوف نہیں بغیر سمجھے تلاوت پر ثواب ہے ولایتی مرکب دوائیں مریض کو شفادیتی ہیں۔ ان کے اجزاء معلوم ہوں یا نہ ہوں۔ یوں ہی قرآن کریم شفا اور ثواب ہے معلوم ہوں یا نہ ہوں۔ دیکھو بھینس دودھ کےلئے، بیل کھیتی باری کے لئے، گھوڑے، اونٹ سواری اور بوجھ اٹھانے کےلئے پالے جاتے ہیں۔ مگر طوطی مینا صرف اس لئے پالے جاتے ہیں کہ وہ ہماری سی بولی بولتے ہیں اگرچہ بغیر سمجھے سہی۔ مینا طوطی تمہاری بولی بولیں تو تمہیں پیاری لگے، اگر تم جناب مصطفٰی کی بولی بولو تو رب کو پیارے اس سے وہ لوگ عبرت پکڑیں جو کہتے ہیں کہ بغیر معنی سمجھے قرآن بیکار ہے اس کا کوئی ثواب نہیں۔

 جو شخص قرآن پڑھنے اور اس پر عمل کرے تو قیامت کے دن اس کے ماں باپ کو ایسا تاج پہنایا جائے گا جس کی چمک آفتاب سے بڑھ کر ہوگی۔

 قرآن پاک دیکھ کر پڑھنے میں دوہرا ثواب ملتا ہے اور بغیر دیکھ کر پڑھنے میں ایک ثواب ہے۔ نوٹ:۔ چند چیزوں کا دیکھنا عبادت ہے۔ قرآن کعبہ، کعبہ معظمہ، ماں باپ کا چہرہ محبت سے اور عالم دین کی شکل دیکھنا عقیدت سے وغیرہ وغیرہ

 قرآن پاک کی تلاوت اور موت کی یاد دل کو اس طرح صاف کردیتی ہے جیسے کہ زنگ آلود لوہے کو صیقل۔

جو شخص کہ قرآن پاک کی تلاوت میں اتنا مشغول ہو کہ کوئی دعا نہ مانگ سکے تو خداوند تعالٰی اس کو مانگنے والوں سے زیادہ دیتا ہے۔

 جو شخص ہر رات سورہ واقعہ پڑھا کرے، انشاءاللہ اسے کبھی فاقہ نہیں ہوگا۔

 سورہ الم تنزیل پڑھنے والا جب قبر میں پہنچتا ہے تو یہ سورہ اس طرح اس کی شفاعت کرتی ہے کہ اے اللہ اگر میں تیرا کلام ہوں تو اس کو بخش دے ورنہ تو مجھے اپنی کتاب سے نکالدے اور میت کو اس طرح ڈھک لیتی ہے جیسے چڑیا اپنے پروں سے اپنے بچوں کو اور اسے عذاب سے بچاتی ہے۔

جو شخص کہ سورہ یٰسین اول دن میں (دوپہر سے پہلے) پڑھنے کا عادی ہو تو اس کی حاجتیں پوری ہوتی ہیں۔

 سورہ یٰسین شرہف پرھنے سے تمام گناہ معاف ہوتے ہیں اور مشکلیں آسان ہوتی ہیں۔ لہٰذا اس کو بیماروں پر پڑھو۔

 سوتے وقت قل یا ایھا الکٰفرون پڑھنے والا انشاءاللہ تعالٰی کفر سے محفوظ رہے گا۔ یعنی اس کا خاتمہ بالخیر ہوگا۔

 سورہ فلق اور سورہ الناس پڑھنے سے آندھی اور اندھیری دور ہوتی ہے۔ اور اس کا پابندی سے پڑھنے والا انشاءاللہ جادو سے محفوظ رہے گا۔

 سورہ فاتحہ جسمانی اور روحانی بیماروں کی دوا ہے۔



مُجھ پہ کرم مولا کا میں اُن کی نعتیں پڑھتا ہوں

دامن اپنا رب کی رحمت سے میں ہر دم بھرتا ہوں

میں صدقے یارسول اللہ میں صدقے یا حبیب اللہ